فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن’ کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ اور ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے دکانوں کے باہر پڑا ہوا سامان ضبط’ متعدد دکانیں سیل اور دیگر کو وارننگ دیتے ہوئے فٹ پاتھ خالی رکھنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ چنیوٹ بازار سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے بار بار منع کرنے کے باوجود دکانوں کے باہر دکانداری سجانے والوں کا سامان قبضہ میں لے لیا۔ متعدد دکانوں کو سیل کر دیا اور درجنوں دکانداروں کو وارننگ دیتے ہوئے سامان’ کائونٹر وغیرہ دکان کے اندر رکھنے کے احکامات جاری کئے۔ علاوہ ازیں شہر کے دیگر شاہراہوں پر بھی ریڑھی چھابڑی والوں کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے روڈ کو آمدورفت کیلئے کلیئر کروا دیا۔ عظمت فردوس نے کہا کہ 8بازاروں سمیت شہر کے اہم بازاروں اور مارکیٹوں میں تجاوزات کے خاتمہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ تاجروں کو چاہیے کہ وہ فٹ پاتھ پیدل چلنے والوں اور خریداری کیلئے آنیوالوں کیلئے خالی رکھیں۔ بار بار منع کرنے کے باوجود عادی افراد کیخلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے ان کا سامان ضبط’ دکان سیل اور بھاری جرمانے کئے جا رہے ہیں۔




