تحصیل صدر کی یونین کونسلز میں ناقص صفائی پر کمشنر مریم خان کااظہار برہمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر فیصل آباد ڈویژن میں ستھرا پنجاب مہم کے تحت اقدامات جاری ہیں ۔کمشنر فیصل آباد مریم خان زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے فیلڈ میں متحرک ہیں۔کمشنر نے تحصیل صدر کی یونین کونسلز نمبر 133،146 کا دورہ کیا اور صفائی کے انتظامات کا موقع پر جا کر تفصیلی معائنہ کیا۔اس دوران صفائی کی ناقص صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا۔ناقص صفائی اور کام میں غفلت برتنے پر اسسٹنٹ مانیٹرنگ آفیسر زوہیب کو فوری طور پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔ کمشنر نے واضح کیا کہ مہم کے دوران کسی قسم کی کوتاہی یا لاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر، ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری عارف محمود گل، سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رؤف احمد اور اسسٹنٹ کمشنر صدر بھی ان کے ہمراہ تھے۔کمشنر مریم خان نے چکوک اور گلیوں میں پیدل جا کر صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور مقامی رہائشیوں سے ڈور ٹو ڈور کچرا کلیکشن اور سینٹری ورکرز کی حاضری کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔انہوں نے موقع پر موجود کنٹریکٹرز کو صفائی کے پلان اور عملے کی ڈیوٹی روسٹر نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے کے واضح احکامات بھی جاری کئے۔کمشنر نے کہا کہ عوامی صحت اور شہری ماحولیات کے تحفظ کے لئے ستھرا پنجاب مہم کو کامیاب بنانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں ہر سطح پر احتساب کیا جائے گا اور کارکردگی کی بنیاد پر ہی عملے کو برقرار رکھا جائے گا۔دریں اثناء کمشنر مریم خان کی زیر صدارت ستھرا پنجاب مہم کے سلسلے میں اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں صفائی کی مجموعی صورتحال، کمپنیز کی کارکردگی اور عوامی شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران کمشنر نے ناقص کارکردگی کی حامل صفائی کمپنیز کے کنٹریکٹس منسوخ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ صفائی کے لئے تجویز کردہ16 انڈیکیٹرز پر100 فیصد عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر، سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رؤف احمد سمیت متعلقہ افسران شریک ہوئے، جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ اور جھنگ کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ٹیموں کے ذریعے ڈور ٹو ڈور کچرا کلیکشن سمیت تمام صفائی سرگرمیوں کی موثر مانیٹرنگ کریں اور عوام سے براہ راست فیڈ بیک حاصل کر کے کمپنیز کی کارکردگی جانچی جائے۔انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں صفائی کے شیڈول کو نمایاں مقامات پر آویزاں کیا جائے اور گھروں کی نمبرنگ کا کام فوری مکمل کیا جائے۔ اس حوالے سے متعلقہ افسران کو واضح ڈیڈ لائن بھی دی گئی۔عوامی شراکت کو موثر بنانے کے لئے کمشنر نے کہا کہ صفائی کی صورتحال سے متعلق شکایات کے اندراج کے لئے ایپ کی بھرپور تشہیر کی جائے تاکہ شہری اپنی شکایات آسانی سے درج کرا سکیں۔کمشنر مریم خان نے کہا کہ ستھرا پنجاب مہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی ویژن ہے جسے ہر سطح پر عملی جامہ پہنانا افسران کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں