فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پرکمشنر فیصل آباد مسرت جبیں علاقائی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے سرگرم عمل ہیں جس کے تحت ڈویژن کی تحصیلوں کے دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے تحصیل سمندری کا تفصیلی دورہ کیا اور فیصل آباد سمندری روڈ پر قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کیلئے قائم سیل پوائنٹ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بیوپاریوں اور خریداروں کے لئے دستیاب سہولیات چیک کیں۔ کمشنر نے لائیو سٹا ک کے کانٹر سمیت دیگر محکموں کے سٹاف کی ڈیوٹیز پر موجودگی کا جائزہ لیا۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو عید قربان پرتحصیل بھر میں صفائی کا اعلیٰ ترین معیار قائم کرنے کا حکم دیا۔کمشنر فیصل آباد نے زیر تعمیر ٹراما سنٹر کا بھی دورہ کیا اورسنٹر کی تعمیراتی پیشرفت پر بریفنگ لی۔انہوں نے اہم پراجیکٹ کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے زیرتعمیر سہولت بازار کا دورہ کرکے تعمیراتی پیشرفت پر بریفنگ لی اورکام مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو ہفتہ وار پراگریس بمعہ تصویری ثبوت فراہم کرنے کی تاکید بھی کی۔کمشنر فیصل آباد نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے مختلف شعبوں کی انسپکشن کی اور کہا کہ مریضوں کو انتظار و قطار کی زحمت سے بچانے کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے مریضوں سے علاج معالجہ،ادویات ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے ادویات سٹورمیں میڈیسن کی دستیابی سمیت دیگر شعبوں میں مشینری کے فعال ہونے کو چیک کیا۔انہوں نے ہسپتال میں ہیلتھ کیمپ کا بھی دورہ کیا اورتشخیصی سمیت علاج معالجہ کی دستیاب سہولیات کو دیکھا۔انہوں نے ہسپتال میں پارکنگ ایریا،مریضوں کے لواحقین کے بیٹھنے کے سایہ دار انتظامات اور پینے کے پانی کی دستیابی چیک کی۔کمشنر نے ڈائیلاسز یونٹ دیکھا اور مخیر حضرات کے تعاون سے ڈائیلاسز مشینوں کے عطیہ کو سراہا۔انہوں نے ہسپتال کی اندرونی روڈ کی فوری مرمت وبحالی کی ہدایت کی۔انہوں نے شہباز شریف پارک کا بھی دورہ کیا اورپارک میں دستیاب تفریحی سہولیات کا جائزہ لیا جبکہ پارک میں پودا بھی لگایا۔کمشنر کو بتایا گیا کہ تحصیل بھر میں 13پارکس موجود ہیں جبکہ گرین بیلٹس کی دیکھ بھال یقینی بنائی جارہی ہے۔انہوں نے مریم نواز واکنگ ٹریک کا معائنہ بھی کیا اور ٹریک پر مزید بینچز نصب کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے دو کلومیٹرٹریک کے دونوں اطراف خوبصورت پلانٹیشن کرنے کی تاکید کی۔انہوں نے جنرل بس سٹینڈ میں واش رومز کے فعال ہونے کی تصدیق کی۔میونسپل کمیٹی آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی مین ہول بغیر کور نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے واٹر فلٹریشن پلانٹس کے مکمل فعال ہونے پر بریفنگ لی اور کہا کوئی پلانٹ بند نظر نہ آئے۔کمشنر نے پنجاب سیٹیز پروگرام کے تحت انڈر گرائونڈ واٹر ٹینکس کی تعمیر بارے معلومات بھی لیں۔انہوں نے شہر کی خوبصورتی کے لئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے واکنگ ٹریک سے ملحقہ روڈ پر فوری پیچ ورکنگ کی ہدایت کی۔انہوں نے کی پروفارمنس انڈیکیٹرز پر سو فیصد عملدرآمد اورسکولوں کے باہر زیبرا کراسنگ قائم کرنے کی تاکید کی۔کمشنر نے مختلف مدات میں سرکاری بقایا جات کے ٹارگٹس مکمل کرنے،رجسٹری کے فوری بعد انتقالات چڑھانے،دیہی یونین کونسلز میں صفائی کے معیار میں بہتری لانے،کینٹینرز جیو ٹیگ کے مطابق پورے،پلرا کو کھیوٹ بلاکس کی شکایات دور کرنے کی بھی ہدایت کی۔




