ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت کمالیہ میں شہری ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ نے اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی اور متعلقہ افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار، رفتار اور شفافیت کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے پنجاب سیٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شیخاں والی گلی میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا جہاں جدید ٹف ٹائلز کی تنصیب اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے کام جاری ہے۔ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل سے گنجان آباد علاقے میں نکاسی آب کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے اور شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے اقبال بازار میں جاری اپ گریڈیشن منصوبے کا بھی جائزہ لیا جہاں جدید شیڈز، ہینگنگ لائٹس، بینچز، ڈسٹ بنز اور مستقل ڈرینج سسٹم کی تنصیب کا کام جاری ہے۔ انہوں نے منصوبے میں اعلی معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔بعدازاں انہوں نے ذیشان کالونی میں زیر تعمیر ڈے اینڈ نائٹ کرکٹ اسٹیڈیم کا معائنہ کیا جہاں آرٹیفشل گراس، جدید پویلین اور ڈگ آوٹس تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ یہ اسٹیڈیم نوجوانوں کیلئے جدید سپورٹس سہولت ثابت ہوگا۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے جناح پارک کی تزئین و آرائش، اوپن جم، واکنگ ٹریک اور بچوں کیلئے جھولوں کی تنصیب کے جاری کام کا بھی معائنہ کیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے زیر تعمیر پیرا فورس آفس کا دورہ کرتے ہوئے تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔




