ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنیکا حکم

قصور(نامہ نگار) وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر قانون پنجاب و کنوینئر ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی (ڈی سی سی)قصور رانا محمد اقبال خان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس قصور کے کمیٹی روم میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع میں امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں، صفائی ستھرائی، نکاسی آب، صحت، تعلیم اور دیگر عوامی سہولیات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، وفاقی وزیر مملکت و ایم این اے ملک رشید احمد خان، ایم این اے رانا حیات خاں، ممبرانصوبائی اسمبلی چوہدری محمد الیاس خان، چوہدری محمود انور، حاجی محمد نعیم صفدر انصاری اور چوہدری احسن رضا خان، ڈی سی قصور محمدآصف رضا، ایس پی انویسٹی گیشن ضیاء الحق سابق ایم این اے چوہدری منظور احمد خاں ایڈووکیٹ کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، ریسکیو 1122اور ضلع کے تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران متعلقہ افسران نے اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔ رانا محمد اقبال خان نے افسران کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی پالیسیوں اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی خدمت کے وژن کے مطابق تمام ترقیاتی و فلاحی منصوبوں پر مقررہ مدت میں پیش رفت یقینی بنائی جائے اور عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے۔ ایس پی انویسٹی گیشن ضیاء الحق کی جانب سے ضلع میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر قانون نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ عوام کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور جرائم کے خاتمے کے لیے مو?ثر اقدامات جاری رکھے جائیں۔ واسا قصور، ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ہائی ویز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے جاری ترقیاتی منصوبوں، سڑکوں، آب رسانی، سیوریج اور دیگر سکیموں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ رانا محمد اقبال خان نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ عوامی مفاد کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا قصور عدنان گُل اور منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب نے ضلع میں صفائی ستھرائی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، سیوریج سسٹم اور نکاسی آب کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیر قانون نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے، سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی قصور نے بنیادی مراکز صحت، دیہی و تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی بحالی، آئوٹ سورسنگ اور طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیر قانون نے ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات، ڈاکٹرز اور طبی عملے کی دستیابی، صفائی اور مریضوں کو بروقت علاج کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔محکمہ تعلیم کے افسران نے ضلع میں تعلیمی اداروں کی کارکردگی، تعلیمی سہولیات اور جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ رانا محمد اقبال خان نے ہدایت کی کہ سرکاری سکولوں میں معیاری تعلیم، اساتذہ کی حاضری، طلبہ کی سہولیات اور تعلیمی نتائج میں بہتری کے لیے مو?ثر اقدامات کیے جائیں۔اجلاس میں وزیر قانون نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ محکمے عوامی مسائل کے حل کے لیے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں۔ عوامی شکایات کے ازالے، سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور ترقیاتی منصوبوں کی مو?ثر نگرانی کے لیے افسران کو اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے ادا کرنی چاہئیں۔اجلاس کے اختتام پر صوبائی وزیر قانون نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اپنے اپنے شعبوں میں طے شدہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں اور آئندہ اجلاس میں پیش رفت سے متعلق جامع رپورٹ پیش کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں