کمالیہ(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کا کمالیہ میں ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، ٹف ٹائل منصوبوں کے معیار پر اطمینان کا اظہارڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ نے اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کمالیہ علی رضا کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے محلہ شیخاں والا اور ریلوے روڈ پر جاری ٹف ٹائل منصوبوں کے معیار، رفتار اور تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران اور ٹھیکیداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔عمر عباس میلہ نے موقع پر موجود افسران سے منصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی لی اور ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کے دوران عوام کو درپیش مشکلات کو کم سے کم رکھا جائے ۔ انہوں نے ٹف ٹائل کے جاری کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی علی رضا نے ڈپٹی کمشنر کو جاری منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے آگاہ کیا اور یقین دہانی کروائی کہ تمام ترقیاتی کام حکومتی معیار کے مطابق بروقت مکمل کیے جائیں گے ۔




