چنیوٹ(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے ضلع کے مختلف ترقیاتی و تعمیراتی منصوبوں کا دورہ کیا اور جاری کاموں کی پیش رفت، معیار اور طبی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور کام کے معیار پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے مریم نواز کلینک ہرسہ شیخ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طبی و انتظامی امور، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے نئی زیر تعمیر بلڈنگ کے کام کے حوالے سے ایکسین بلڈنگ سے بریفنگ لی اور ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کو جلد مکمل کرکے بلڈنگ متعلقہ محکمہ کے حوالے کی جائے تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے محلہ گڑھا چوک ڈھول سکندر میں زیر تعمیر پارکنگ پلازہ کا بھی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو کام میں مزید تیزی لانے اور منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ایم او آئی کے ہمراہ جھنگ روڈ کا دورہ کیا اور سڑک کے اطراف جاری بیوٹیفکیشن، ٹف ٹائلز کی تنصیب اور دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو کام مزید تیز کرنے اور منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے ایکسین بلڈنگ محمد عدنان کے ہمراہ جھمرہ روڈ پر زیر تعمیر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر اینڈ ہیلتھ آفس کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے تعمیراتی کاموں کی رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے کام میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا اور کنٹریکٹر و ایکسین بلڈنگ کو تعمیراتی کام جلد مکمل کروانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ متعلقہ افسران منصوبوں کی مسلسل مانیٹرنگ کریں، تعمیراتی کام کے معیار کو یقینی بنائیں اور باقی ماندہ کام جلد مکمل کرکے عمارت محکمہ ہیلتھ کے حوالے کریں تاکہ اس کا باقاعدہ افتتاح کرکے شہریوں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔




