تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت معیاری تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جارہا ہے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شہری سہولیا ت کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ نے تحصیل کمالیہ کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف جاری ترقیاتی منصوبو ں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کمالیہ کے پیڈز، آئی اور جنرل او پی ڈی وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں سے سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے دریافت کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ او پی ڈی میں رش کے موثر انتظام کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولت فراہم ہو۔ انہو ں نے موٹر سائیکل اسٹینڈ میں ٹف ٹائلز کی تنصیب کے کام کا بھی جائزہ لیا اور اسے جلد مکمل کرنیکی ہدایت کی۔بعد ازاں انہوں نے اقبال بازار کمالیہ میں جاری بیوٹیفیکیشن اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا معائنہ کیا۔ ذیشان کالونی میں زیر تعمیر جدید کرکٹ ایرینا کے دورے کے دوران انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر جلد مکمل کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو معیاری کھیلوں کی سہولیات میسر آئیں۔ڈپٹی کمشنر نے جناح پارک کمالیہ میں جاری تزئین و آرائش، واکنگ ٹریک اور لینڈ اسکیپنگ کے کاموں کا بھی جائزہ لیا اور معیار کو ہر صورت یقینی بنانیکی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں