تمام محکموں سے عید الاضحی کے حوالے سے پلان طلب

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ نے تمام محکموں سے دو روز میں عید الاضحی کنٹی جینسی پلان طلب کرلیا اور واضح کیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ترجیح ہے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام محکموں کو 14 مئی تک پلان جمع کرانے کی تاکید کی گئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت کے لئے عارضی سیل پوائنٹس کو حتمی شکل دی جارہی ہے جہاں بیوپاریوں اور خریداروں کو معیاری سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جس کے لئے ضلعی پولیس،ٹریفک پولیس،ستھرا پنجاب اتھارٹی،واسا،میونسپل کمیٹی ودیگر متعلقہ محکموں کی ڈیوٹیاں لگائی جارہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عارضی سیل پوائنٹس عید الاضحی سے10 روز قبل فنکشنل کئے جائیں گے جہاں سایہ،پینے کا پانی،سکیورٹی اقدامات،پارکنگ کے مناسب انتظامات ہونے چاہیں۔انہوں نے لائیو سٹاک سے کہا کہ جانوروں کی چیچڑ سے بچا کے لئے ویکسینیشن کے سلسلے میں ضروری طبی سازوسامان کا بندوبست کیا جائے۔انہوں نے ستھرا پنجاب اتھارٹی کو عید قربان پر صفائی کا اعلی ترین معیار قائم رکھنے اور سابقہ تجربات کو مدنظر رکھ کر پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے واسا سے کہا کہ سیوریج سسٹم کی درستگی کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں اور زیر تعمیر پراجیکٹس کی سائٹس کو بھی محفوظ بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں