فیصل آ باد( سٹاف رپورٹر) ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن پنجاب کے پیٹرن ان چیف ڈاکٹر معروف وینس نے کہا کہ ہر سال ہزاروں لوگ تمباکو سے متعلق بیماریوں جیسے پھیپھڑوں کا کینسر، دل کے امراض اور سانس کی بیماریوں کا شکار ہو کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ تمباکو نوشی کے خاتمے کیلئے سب سے پہلے عوام میں شعور بیدار کر نا ضروری ہے۔ اسکولوں، کالجوں اور میڈیا کے ذریعے نوجوان نسل کو اس کے نقصانات سے آگاہ کیا جا سکتا ہے۔ والدین اور اساتذہ کو بھی چاہیے کہ وہ بچوں کی تربیت میں اس بات کا خاص خیال رکھیں۔حکومت کا کردار بھی نہایت اہم ہے۔ سخت قوانین، سگریٹ کی قیمتوں میں اضافہ، اور عوامی مقامات پر تمباکو نوشی پر پابندی جیسے اقدامات اس لعنت کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔پاکستان میں سگریٹ نوشی اور تمباکو کے استعمال کی وجہ سے ہر سال تقریبا 1 لاکھ 60 ہزار سے 1 لاکھ 64 ہزار افراد کی اموات ہوتی ہیں۔تمباکو نوشی کے بڑھتے ہوئے نقصان اور اس کے تدارک کے سلسلہ میںا لائیڈ ہسپتال وون فیصل آباد میں نے ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں کثیر تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی ،تقریب کے مہمان خصوصی ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن پنجاب کے پیٹرن ان چیف ڈاکٹر معروف وینس تھے انہوں نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمباکو نوشی ایک سنگین سماجی اور صحت کا مسئلہ ہے۔ یہ نہ صرف افراد کی صحت کو تباہ کرتی ہے بلکہ ملکی معیشت اور ماحول پر بھی منفی اثرات ڈالتی ہے۔




