تھانہ پیپلز کالونی کے سامنےPTCLکے مین ہول کا ٹوٹا ڈھکن حادثات کا باعث بننے لگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ پیپلزکالونی کے سامنے PTCL کے مین ہول کا ڈھکن خراب’ عارضی گزارہ کیلئے اسے الٹا کر کے رکھ دیا گیا، اس صورتحال کے باعث مذکورہ جگہ پر حادثات بڑھ گئے، مین ہول پر درست ڈھکن رکھا جائے تاکہ لوگوں کو درپیش خطرات کا خاتمہ ہو سکے، عوامی سماجی حلقوں کا پرزور مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق جڑانوالہ روڈ پر واقع تھانہ پیپلزکالونی کے سامنے سڑک پر PTCL کے ایک مین ہول کا ڈھکن ٹوٹ چکا ہے اور لوگوں نے عارضی طور پر کام چلانے کیلئے اسے الٹا کر کے مین ہول پر رکھ دیا ہے، اس صورتحال سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات درپیش ہیں، مین ہول پر ڈھکن الٹا رکھنے کے باعث یہ ابھر چکا ہے اس سے ٹکرانے والی کئی موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچ چکا ہے اور یہاں پر حادثات پیش آنے سے کئی لوگ زخمی بھی ہو چکے ہیں۔ عوامی’ سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے مصروف علاقہ جڑانوالہ روڈ پر تھانہ پیپلزکالونی کے سامنے گٹر کا ڈھکن ٹوٹ جانے کے بعد یہاں پر نیا ڈھکن نہ رکھنا لمحہ فکریہ ہے۔ متعلقہ حکام صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور فوری طور پر مین ہول پر ڈھکن رکھا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش خطرات سے نجات مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں