تھایندار کو گولیاں مارنے والے اشتہاری ملزم کو مبینہ مقابلے میں پار کردیا گیا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) تھانہ باہلک کے علاقہ 607گ ب میں خطرناک اشتہاری ملزمان کی پولیس پارٹی پر فائرنگ،گولیاں لگنے سے سب انسپکٹر جاں بحقہو گیا جبکہ پولیس نے مبینہ مقابلہ میں اشتہاری ملزم اظہر کھچی کو بھی پار کر دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ باہلک میں تعینات انچارج انوسٹی گیشن سب انسپکٹر احمد رضا نے ساتھیوں کے ہمراہ خطرناک ملزمان اظہرکھچی وغیرہ کی گرفتاری کیلئے607گ ب میں چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی ان پرفائرنگ کر دی۔ پولیس نے پوزیشنیں سنبھالتے ہوئے جوابی فائرنگ بھی کی تاہم اس دوران گولیاں لگنے سے سب انسپکٹر احمد رضا بری طرح زخمی ہو گئے ۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی انوسٹی گیشن ناصر محمود باجوہ، ایس پی صدر اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔مضروب سب انسپکٹر کو ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ آر پی او ذیشان اصغر نے پولیس آفیسر کی شہادت کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او صاحبزادہ بلال عمر سے رپورٹ طلب کر لی۔ پولیس نے مختلف ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔تاہم پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا اور جب ملزم فرار ہونے لگا تو گائوں کے قریب ہی پولیس نے گھیر کر تھانیدار کوگولیاں مارنے والے خطرناک اشتہاری ملزم اظہر کھچی کو مبینہ مقابلہ میں پار کردیا۔ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں