تیز رفتاری کا انجام،موٹرسائیکل سوار کی راہگیر کو ٹکر،دونوں جاں بحق،دوسرے حادثہ میں رکشہ ڈرائیور چل بسا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کینال روڈ جھال انڈر پاس سے باہر نکلتے ہوئے تیز رفتار موٹرسائیکل سوار کی سڑک عبور کرتے شہری سے ٹکر’ دونوں زندگی کی بازی ہار گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ علامہ اقبال کالونی ای بلاک کا رہائشی 23سالہ نوجوان حمزہ ولد گلزار موٹرسائیکل چلاتے ہوئے تیز رفتاری کیساتھ جھال انڈر پاس سے نکل رہا تھا کہ اسی دوران 32 ج ب امین پور روڈ کا رہائشی 62سالہ محمد یار ولد محمد سلطان پیدل سڑک عبور کر رہا تھا۔ موٹرسائیکل سوار تیز رفتاری کے باعث سڑک عبور کرنے والے شخص سے ٹکرایا اور دونوں سڑک پر گر پڑے، حادثہ اتنا شدید تھا کہ موٹرسائیکل سوار حمزہ اور راہگیر محمد یار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ تاہم اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ انڈرپاس سے نکلتے ہوئے گاڑیاں تیز رفتاری میں ہوتی ہیں اور سڑک کراس کرتے ہوئے شہریوں کو بھی انڈرپاس کے بالکل قریب سڑک عبور کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔دریں ثناء ۔فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ کینال روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے رکشہ سوار شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثہ کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مدینہ ٹائون کا رہائشی شہباز مسیح رکشہ پر جا رہا تھا کہ جب وہ کینال روڈ پر کشمیر پل کے قریب پہنچا تو عقب سے آنیوالی تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے رکشہ الٹ گیا اور شہباز مسیح بری طرح زخمی ہو گیا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں