تیز رفتار بس کی موٹر سائیکل اور رکشہ کو ٹکر،ستھرا پنجاب کے اہلکار سمیت2جاں بحق،3زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر تاندلیانوالہ کے علاقہ رحمے شاہ کے قریب تیز رفتار بس موٹرسائیکل سوار کو بچاتے ہوئے رکشہ پر چڑھ گئی، ستھرا پنجاب کے اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق’ تین شدید زخمی ہو گئے’ پولیس کی جانب سے فوری کارروائی نہ کرنے پر ستھرا پنجاب کے ورکرز نے شدید احتجاج کرتے ہوئے رحمے شاہ چوک کو ٹریفک کے لئے بلاک کر دیا تھا تاہم بعد میں پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو مطمئن کیا اور احتجاج ختم کروا دیا۔بتایا جاتا ہے کہ فیصل آباد سے چشتیاں جانے والی تیز رفتار بس تاندلیانوالہ کے علاقہ رحمے شاہ کے قریب موٹرسائیکل سوار سے ٹکرانے کے بعد بے قابو ہو کر موٹرسائیکل رکشہ سے ٹکرا گئی، بس کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار 65سالہ شکیل احمد اور رکشہ سوار ستھرا پنجاب کا اہلکار لیاقت’ 12سالہ عمر’ 13سالہ عدیل’ ابوبکر بری طرح زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو موٹرسائیکل سوار شکیل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکا تھا جبکہ دیگر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جہاں پر ستھرا پنجاب کا ورکر لیاقت بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے حادثہ کے مرتکب بس ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں