فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تیز رفتار ٹرک کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق جبکہ کرنٹ لگنے سے محنت کش چل بسا’ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ تفصیل کے مطابق تھانہ ملت ٹائون کے رہائشی 17سالہ امن راحیل ولد راحیل ملت روڈ پر واقع برگر اور شوارما کی دکان پر کام کرتا تھا، گزشتہ شام موٹرسائیکل پر آرڈر دینے جا رہا تھا کہ جب وہ سیم پل کے قریب پہنچا تو عقب سے آنیوالے ٹرک کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا جبکہ تھانہ روشن والا کے علاقہ میں گوجرانوالہ کا رہائشی 47سالہ سجاد پاور لومز فیکٹری میں کام کر رہا تھا کہ لومز کی صفائی کرتے ہوئے اچانک بجلی کی ننگی تاروں کو ہاتھ لگنے سے زور دار بجلی کا جھٹکا لگا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ تاہم اطلاع ملنے پر پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔




