فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)گو فنڈ گوجرہ کے زیرِ اہتمام ساتواں ذوالفقار سندھو میموریل فری آئی کیمپ 31اکتوبر سے 2نومبر تک نور والا ڈیرہ، نزد امین پور انٹرچینج فیصل آباد میں منعقد ہوگا،جس میں مستحق مریضوں کے مفت آپریشن کیے جائیں گے،کیمپ کے تمام اخراجات گو فنڈ گوجرہ برداشت کرے گا، ذوالفقار سندھو ویلفیئر کونسل کا انتظامی تعاون حاصل ہوگا،کیمپ میں مستحق مریضوں کی آنکھوں کا معائنہ، موتیا کے آپریشن اور لینز کی سہولت سمیت علاج معالجے کی دیگر خدمات بالکل مفت فراہم کی جائیں گی، کیمپ کا اہتمام ذوالفقار سندھو ویلفیئر کونسل نڑوالا بنگلہ کی جانب سے سید اظہر حسین شاہ (نور والے) کی زیرِ نگرانی کیا جا رہا ہے، جبکہ گوجرہ آفتھلمالوجی فنڈ (گو فنڈ گوجرہ) کا تعاون بھی حاصل ہے,کیمپ کے پہلے روز 31 اکتوبر کو او پی ڈی میں مریضوں کا تفصیلی معائنہ کیا جائے گا۔ ماہرِ امراضِ چشم ڈاکٹر یاسر حجاز اپنی ٹیم کے ہمراہ مریضوں کی طبی جانچ سے لے کر موتیا کے آپریشن تک تمام مراحل سرانجام دیں گے۔ کیمپ کے دوران مریضوں کو آپریشن، لینز، کھانا اور رہائش کی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کی جائیں گی، تاکہ مالی مشکلات کا شکار افراد بھی آنکھوں کے علاج اور بینائی کی بحالی کی سہولت حاصل کر سکیں۔گو فنڈ گوجرہ کی بنیاد مرحوم ڈاکٹر عامر علی ماجد (ستارہ امتیاز) نے رکھی تھی، جن کا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت اور آنکھوں کے امراض میں مبتلا افراد کو علاج کی سہولیات فراہم کرنا تھا۔ ان کے قائم کردہ فلاحی مشن کے تحت ایسے طبی کیمپ مستحق مریضوں کے لیے اہمیت رکھتے ہیں، جہاں انہیں بغیر کسی مالی بوجھ کے علاج معالجے کی سہولیات میسر آتی ہیں۔گو فنڈ یو کے کے ٹرسٹی اصغر خان بھی کیمپ میں شرکت کریں گے۔ ان کے تعاون سے اس فلاحی سرگرمی کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا جا رہا ہے، جبکہ چارٹرڈ اکانٹنٹ دلشاد وسیم (آئی سی اے ای ڈبلیو، برطانیہ) کی خصوصی کاوشیں بھی اس منصوبے کی تکمیل میں نمایاں ہیں۔کیمپ کے انتظامی امور ذوالفقار سندھو ویلفیئر کونسل کی انتظامیہ کی نگرانی میں انجام دیے جائیں گے۔ اس فلاحی اقدام کا بنیادی مقصد مستحق مریضوں کو آنکھوں کے علاج کی مفت سہولیات فراہم کرنا، بینائی کے مسائل سے دوچار افراد کی مدد کرنا اور معاشرے میں خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔ منتظمین کی جانب سے اس کیمپ کو دکھی انسانیت کی خدمت کے سلسلے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔




