فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال شورکوٹ میں ڈائیلاسز یونٹ کے قیام کے لئے فوری اقدامات کا حکم دیا اور کہا کہ اس ضمن میں درکار محکمانہ کارروائی/اجازت ناموں کی وہ خود نگرانی کریں گے تاکہ اہلیان شورکوٹ کو تحصیل ہسپتال میں دیگر بیماریوں کے علاج معالجہ کے ساتھ گردوں کے ڈائیلاسز کی سہولت بھی دہلیز پر دستیاب ہو اور انہیں دوسرے شہر نہ جانا پڑے۔انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں و لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے ان سے ادویات ملنے اور بلاتعطل علاج معالجہ کے بارے میں دریافت کرکے اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر کے سرکاری ہسپتالوں کو شکایات فری بنانے پر بھرپور توجہ مرکوز ہے جبکہ ہسپتالوں میں ریفرل کیسز میں حتی المقدور کمی لانے کے لئے ہسپتالوں میں درکار وسائل کی فراہمی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔انہوں نے تحصیل شورکوٹ میں باہو پارک،جنرل بس سٹینڈ،اراضی ریکارڈ سنٹر،تحصیل آفس کا بھی دورہ کیا اور سروسز کے معیار میں مزید بہتری لانے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کے زیر اہتمام بیوٹیفیکیشن پراجیکٹس پر کام جاری ہے جس کے لئے ٹائم لائینز مقرر کردی گئی ہیں اور فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بناکر شورکوٹ کے باسیوں کو بہترین سہولیات فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر اضلاع اور تحصیلوں کے دورے کررہے ہیں اور تحصیل شورکوٹ کی انتظامیہ وزیراعلی کے مشن کی تکمیل کے لئے24 گھنٹے سرگرم عمل ہے۔انہوں نے میڈیا کے توسط سے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگائیں بلکہ جدید طریقہ سپر سیڈر کا استعمال کریں تاکہ موجودہ سیزن میں سموگ کی ممکنہ صورتحال قابو میں رہے۔کمشنر نے بتایا کہ تحصیل میں یونین کونسل کی سطح پر نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس لگانے کے لئے جگہوں کا انتخاب کرلیا گیا ہے جلد ہی واٹر فلٹریشن پلانٹس کا نیٹ ورک بچھا دیا جائے گا۔کمشنر نے کہا کہ اضلاع اور تحصیلوں کے دوروں کا سلسلہ جاری رہے گا اور وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔




