فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینیٹیز کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر شازیہ رمضان کے زیر اہتمام نیو سینیٹ ہال میں ”تعلیماتِ نبوی ۖ کی روشنی میں عدم برداشت کا تدارک” کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد زاہد نے کہا کہ سیرت النبی ۖ امن کے فروغ، اختلافات کے حل اور معاشرتی ہم آہنگی کی بحالی کے لیے ایک عملی رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ انہوں نیطلبہ پر زور دیا کہ وہ نبی کریم ۖ کی تعلیمات کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں، تنازعات سے گریز کریں اور اختلافات کو مکالمے، حکمت اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے حل کریں۔ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ رمضان نے کہا کہ تعلیم کا مقصد محض علمی قابلیت میں اضافہ نہیں بلکہ اخلاقی اقدار، ذمہ دار شہری ہونے کا شعور اور انسانیت کے احترام کو فروغ دینا بھی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اسلامی تعلیمات کا عملی اظہار روزمرہ رویوں میں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ صبر، ہمدردی، دیانت داری اور دوسروں کی مختلف آرا کا احترام ایک پُرامن اور جامع معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ۖ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر عدم برداشت پر قابو پایا جا سکتا ہے، معاشرتی تقسیم کو کم کیا جا سکتا ہے اور معاشرے میں باہمی ہم آہنگی کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔




