چنیوٹ(نامہ نگار)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیرِ اہتمام45ویں آل پاکستان دو روزہ سالانہ ختم نبوت کانفرنس کا آج مورخہ29۔ اکتوبر کو مرکز ختمِ نبوت، مسلم کالونی چناب نگر میں مفتی محمد حسن لاہوروالوں کے درسِ قرآن سے نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ آغاز ہو گیاہے۔ ملک بھر سے لاکھوں فرزندانِ اسلام، عشاقانِ ختمِ نبوت، پروانگانِ شمعِ رسالت اور کارکنانِ مجلس ِ تحفظِ ختمِ نبوت کی شرکت سے مرکزِ ختمِ نبوت میں غیر معمولی گہماگہمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ کانفرنس کے جمیع امور اور جملہ انتظامات کی سرپرستی امیر مرکزیہ مولانا پیر حافظ ناصرالدین خاکوانی اور نائب امیر مرکزیہ مولانا سید سلیمان یوسف بنوری کراچی فرمارہے ہیں ملک کے طول و عرض سے شرکائے کانفرنس کے بسوں، ویگنوں اور دیگر گاڑیوں پر مشتمل قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ مسلم کالونی کی فضائیں اللہ اکبر اور تاج و تخت ختمِ نبوت زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج رہی ہیں۔کانفرنس کے داخلی راستوں پر خیرمقدمی بینرز آویزاں کیے گئے ہیں، جب کہ انتظامیہ کی جانب سے شرکائے اجتماع کی سہولت اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس انتظامیہ نے پنڈال کے گردونواح اور ملحقہ شاہراہوں کو خاردار تاروں اور بیریل کے ذریعے بند کر کے متعدد سکیورٹی چیک پوسٹیں قائم کر دی ہیں۔ رضاکارانِ ختمِ نبوت بھی پنڈال اور اسٹیج کے اطراف میں حفاظتی حصار قائم کیے ہوئے ہیں، پولیس انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ایک ہزار سے زائد افسران و اہلکار فول پروف سکیورٹی انتظامات کے تحت تعینات ہیں۔ پنڈال کے داخلی مقامات پر واک تھرو گیٹ اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے شرکائے کانفرنس کی آمدورفت کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ سکیورٹی پلان کے مطابق شرکا کو مخصوص انٹری پوائنٹس سے داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے، جہاں واک تھرو گیٹ سے گزارنے کے علاوہ فزیکل سرچنگ کا عمل بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سکیورٹی کلیئرنس کے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد شرکا کو قطاروں کی صورت میں پنڈال میں داخل ہونے دیا جائے گا۔انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے مثر انتظامات، داخلی راستوں کی کڑی نگرانی، فزیکل سرچنگ اور رضاکاران کی معاونت کے ذریعے کانفرنس کے پرامن انعقاد اور شرکائے اجتماع کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ مرکزِ ختمِ نبوت مسلم کالونی چناب نگر میں جاری یہ عظیم الشان اجتماع عقیدہ ختمِ نبوت سے وابستگی اور مذہبی جذبہ،عقیدت کے اظہار کے حوالے سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔




