تین مجرمان کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

اسلام آباد (بیوروچیف)سپریم کورٹ آف پاکستان نے 5سالہ بچے عمر راٹھور کے اغوا اور قتل کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے تین مجرما ن کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا ہے جبکہ عدالت عظمیٰ نے شریک ملزم اسد ممتاز کی بر یت کے خلاف اپیل بھی مسترد کر دی۔جسٹس اشتیاق ابراہیم نے تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں قرار دیا گیا کہ استغاثہ نے مقدمے میں براہ راست شہادت کے بجائے حالات و واقعات کے تسلسل اور شواہد کی کڑیوں کے ذریعے جرم ثابت کیا ہے تاہم ریکارڈ میں موجود بعض شکوک و شبہات سزائے موت برقرار رکھنے کے معیار کو پورا نہیں کرتے۔فیصلے کے مطابق عدالت نے آفتاب ظفر، حمزہ جہانگیر اور محمد یاسر کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرتے ہوئے حکم دیا کہ تینوں مجرمان مقتول کے لواحقین کو 5، 5 لاکھ روپے معاوضہ ادا کریں۔عدالت نے قرار دیا کہ مقدمے میں موجود باقی ماندہ شک کا فائدہ ملزمان کو دیتے ہوئے سزائے موت ختم کی جا رہی ہے۔تفصیلی فیصلے کے مطابق مقتول عمر راٹھور کو 21دسمبر 2019 کو تھانہ بہارہ کہو کی حدود سے اغوا کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں