اسلام آباد (سپورٹس نیوز) قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ثنا میر نے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سے باہر ہونے پر پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ثنا میر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انہیں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم پر صنفی بنیاد پر ہونے والی تنقید پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ہماری ویمن کرکٹ ٹیم ہماری توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کر سکی لیکن ہمیں ہر ایک کو اس بات پر قائل کرنے میں کئی سال لگے کہ پاکستان کی لڑکیوں میں بہت دم ہے، وہ اپ سیٹس کر سکتی ہیں، ویمن کرکٹ ٹیم نے بڑے ایونٹس میں کئی اہم میچز جیتے، کچھ سیریز بھی جیتیں، ہر طرح کے حالات میں ہم نے پرفارم کر کے دکھایا۔ثنا میر نے کہا کہ میں انفرااسٹرکچر، کنٹریکٹس اور ڈومیسٹک کرکٹ کے بارے میں مسائل تو اٹھاتی رہتی ہوں اور مستقبل میں بھی اس بارے میں بات کرتی رہوں گی لیکن اس سے پہلے ویمن کرکٹرز کے بارے میں لوگوں کی ذہنیت کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات سے شدید تکلیف ہوئی کہ جب ہم لڑکیوں کے بارے میں بات کرتے ہیں، کس طرح کی زبان کا استعمال کرتے ہیں اور ہم ان کے اعتماد کس حد تک توڑنا چاہتے ہیں جب تک ہم اس سوچ کو نہیں بدلیں گے ہم کسی بڑے مقام پر نہیں پہنچ پائیں گے۔ثنا میر نے کہا کہ لڑکیوں کو صنفی بنیاد پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کیا ہماری مینز کرکٹ ٹیم کبھی ورلڈ کپ نہیں ہاری کیا ان کی کارکردگی کبھی خراب نہیں ہوئی کیا۔




