فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) جائیداد کے تنازعہ پر ناخلف حافظ قرآن بیٹے نے والدہ اور بہن کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، تھانہ صدر پولیس نے والدہ کی مدعیت میں بیٹے حافظ عبدالرحمن کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی،تفصیل کے مطابق ستیانہ روڈ کے علاقہ پنجاب ہائوسنگ کالونی کی رہائشی ارشاد بی بی نے پولیس رپورٹ میں بتایا اس نے کچھ عرصہ قبل بیٹے حافظ عبدالرحمن کو پنجاب ہائوسنگ کالونی میں10مرلے کا پلاٹ لیکر دیا ، بیٹا پلاٹ کو تعمیر کرنے کی بجائے ان کے ساتھ ہی رہتا تھا اور اکثر و اوقات گھر خالی کرنے کا کہتا تھا ،گزشتہ روز بھی گھر سے نکلنے کا کہا تو انکار کرنے پر مشتعل ہو گیا اور والدہ کو کرکٹ کے بیٹ سے بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا اس کی ہمشیرہ حفصہ بچانے کیلئے بڑھی تو ملزم نے اس کو بھی بری طرح مارا پیٹا اور بھانجیوں نور الہدیٰ، مناہل اور مریم کو بھی زدو کوب کیا، تاہم چیخ و پکار پر اہل محلہ نے مداخلت کر کے جان بخشی کروائی، جس پر خاتون نے آئے روز جھگڑوں سے تنگ آ کر پولیس کو درخواست گزاری تو پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کر کے ملزم بیٹے کی تلاش شروع کر دی۔




