جاری ترقیاتی سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے،کمشنر سرگودھا

سرگودھا (بیورو چیف)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرگودھا، خوشاب اور بھکر اضلاع میں جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ بعض نئی ترقیاتی سکیموں کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، خوشاب اور بھکر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز/ایگزیکٹو انجینئرز ہائی ویز و بلڈنگز، ایگزیکٹو انجینئرلوکل گورنمنٹ، ڈپٹی ڈائریکٹرز ڈویلپمنٹ سرگودھا، خوشاب و بھکر، چیف آفیسر میونسپل کارپور یشن اور چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل نے شرکت کی۔ اجلا س میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی فزیکل و فنانشل پراگریس، معیارِ تعمیر، تخمینہ لاگت، فنڈز کے استعمال ، کام کی رفتار اور تکمیل کی مقررہ مدت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر نئی ترقیاتی سکیموں کے مجوزہ منصوبوں، تخمینہ لاگت اور عوامی افادیت کا بھی تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے بعض سکیموں کی منظوری دی گئی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جا ئے اور منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت پنجاب کی ترجیح ہے۔ تمام محکمے باہمی رابطے کو مؤثر بناتے ہوئے ترقیاتی سکیموں کی مسلسل مانیٹرنگ کریں اور منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ جاری سکیموں کی فزیکل اور فنانشل پراگریس سے باقاعدگی سے آگاہ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں