برمنگھم(مانیٹرنگ ڈیسک) مرکزی علماء کونسل پاکستان کے چیئر مین صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ پیغامِ رحمت للعالمین ۖ ایک عالمگیر پیغام ہے، جس کے سائے تلے آج بھی دنیا کو امن، محبت، عدل اور انصاف فراہم کیا جا سکتا ہے۔ نبی کریم ،حضرت محمد مصطفی ۖ کسی ایک قوم، علاقے یا طبقے کیلئے نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے رحمت بن کر تشریف لائے۔مسجد طیبہ برمنگھم میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ سیرتِ طیبہ ۖ انسانیت کیلئے کامل اور روشن نمونہ ہے۔ حضور اکرم ۖ نے بچوں، نوجوانوں، خواتین، مردوں، غریبوں، مسکینوں، یتیموں اور معاشرے کے تمام طبقات کے ساتھ رحمت، شفقت، محبت اور حسنِ سلوک کا عملی مظاہرہ فرمایا۔ آپ ۖ کی تعلیمات انسان کو انسان سے جوڑتی، نفرتوں کو ختم کرتی اور معاشرے میں عدل و مساوات کو فروغ دیتی ہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ آج دنیا کو جن مسائل کا سامنا ہے۔ ان کا حل اسوئہ حسنہ ۖ اور تعلیماتِ نبوی ۖ میں موجود ہے۔ اگر مسلمان انفرادی اور اجتماعی زندگی میں سیرتِ طیبہ ۖ کو اپنا رہنما بنا لیں اور حضور رحمت للعالمین ۖ کے پیغامِ رحمت، برداشت، اخوت، عدل اور انسانیت کی خدمت کو عملی زندگی کا حصہ بنا لیں تو معاشرہ امن و سکون کا گہوارہ اور جنت نظیر بن سکتا ہے۔صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے بالخصوص نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل سیرتِ رسول اکرم ۖ کا باقاعدگی سے مطالعہ کرے۔




