چیمبر میں بائیو آرٹیفیشل آکسی جینک ٹری لگا دیا گیا

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ چیمبر میں ٹیرا سپارک کا تیار کر دہ بائیو آرٹیفیشل آکسی جینک ٹری لگا دیا گیا ہے جو 25عام درختو ں کے برابر آکسیجن پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ماحولیا تی آلودگی پر قابو پانے کیلئے اٹھایا گیا جبکہ اس سے قبل چیمبر میں ائیر کوا لٹی انڈیکس کیلئے بھی آلات نصب کئے جا چکے ہیں۔ ٹیرا سپارک پرائیویٹ لمیٹڈ فیصل آباد چیمبر کی ممبر کمیٹی ہے جس نے یہ جدید ٹیکنالوجی متعارف کرا ئی ہے۔ فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ آکسی جینک ٹری کاربن ڈائی آکسائیڈ اور دیگر زہریلے ذرات کو جذب کر کے ہنگا می بنیادوں پر آکسیجن فراہم کرتا ہے جبکہ اِس کا مصنوعی ذہانت کا نظام مسلسل ائیر کوالٹی کی مانیٹرنگ کرتا ہے ۔ انہوں نے فیصل آباد میں اس جدید نظام کو متعارف کرانے کے سلسلہ میں کمشنر عمران حامد شیخ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس سے قبل فیصل آباد کیلئے دو اینٹی سموگ گنز بھی مہیا کی گئی ہیں ۔جن سے خاص طور پر سردیوں میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ٹیرا سپارک کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر سرفراز احمد نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی روایتی درختوں کے مقابلے میں انتہائی کم جگہ گھیرتی ہے اِس لیے ان کو صنعتوں، بڑے شاپنگ مالز ، کمرشل عمارتوں اور دیگر بڑے دفاتر اور ہائوسنگ سوسائٹیوں میں نصب کرکے فضائی آلودگی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز اور کمشنر فیصل آباد کی کاوشوں کو سراہا جو سموگ کے خاتمہ کیلئے کوشاں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں