لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سیف سٹیز اتھارٹی نے بچوں کے تحفظ اور ممکنہ چائلڈ لیبر کی بروقت نشاندہی کیلئے سیف سٹی کیمروں پر اے آئی بیسڈ چائلڈ پروٹیکشن سسٹم فعال کردیا ہے۔سیف سٹی ترجمان کے مطابق جدید اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے بچوں سے مشقت سمیت مختلف سرگرمیوں کی 24 گھنٹے خودکار نگرانی اور نشاندہی کی جائیگی۔سسٹم کی مدد سے سکول اوقا ت کے دوران بغیر یونیفارم بچوں کی موجودگی کا بھی خودکار طور پر پتا چلایا جاسکے گا، جبکہ یونیفارم میں ملبوس ایسے بچوں کی بھی نشاندہی ممکن ہوگی جو سکول کے اوقات میں سکول سے باہر موجود ہوں۔ترجمان کے مطابق بغیر یونیفارم یا سکول سے باہر موجود بچوں کی نشاندہی کی صورت میں سسٹم خودکار الرٹس جاری کرے گا، جو متعلقہ حکام تک بروقت پہنچائے جائیں گے۔آٹ آف سکول بچوں کی نشاندہی کیلئے اے آئی بیسڈ سسٹم صبح ساڑھے 9بجے سے دوپہر ساڑھے12بجے تک فعال رہے گا۔ سیف سٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ جدید نظام ممکنہ چائلڈ لیبر اور سکول سے باہر بچوں کی بروقت نشاند ہی میں معاون ثابت ہوگا، جبکہ کیمروں سے موصول ہونیوالے خودکار الرٹس متعلقہ حکام تک فوری پہنچائے جائیں گے۔




