فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)تحریک منہاج القرآن کے ضلعی سیکرٹری اطاعات غلام محمدقادری نے پنجاب اسمبلی کی جانب سے 16سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکانٹس پر قانونی پابندی عائد کرنے کی قرارداد کو منظوری کو مستحسن قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ بچوں کے محفوظ مستقبل، اخلاقی تربیت اور تعلیمی استعداد کے تحفظ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔یہ قانون وفاق کی سطح پر بننا چاہیے تاکہ ملک بھر میں اس کا یکساں اطلاق ہو سکے۔ غلام محمدقادری نے کہا کہ سوشل میڈیا کم عمر بچوں کو نقصان دہ مواد، سائبر بلنگ، آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ، جھوٹی خبروں اور خطرناک رجحانات سے دوچار کررہا ہے۔ لائیکس اور فالوورز حاصل کرنے کی مصنوعی دوڑ بچوں میں احساسِ کمتری، بے اطمینانی اور خود نمائی پیدا کرتی ہے، جبکہ مسلسل اسکرین کا استعمال ان کی نیند، جسمانی سرگرمی، مطالعے، خاندانی روابط اور تعلیمی کارکردگی کو بھی متاثر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی مرکزی قیادت سوشل میڈیا کے غیر محتاط استعمال کے حوالے سے شعور اجاگر کر رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ چیئرمین سپریم کونسل پروفیسر ڈا کٹر حسن محی الدین قادری نے سوشل میڈیا کی اخلاقیات پر کتاب تحریر کی ہے جو اپنی نوعیت کی منفرد کتاب ہے۔ اس کا مقصد آئندہ نسلوں کے اخلاق و کردار اور ان کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے،انہوںنے کہا کہ پابندی کا مقصد بچوں کو جدید ٹیکنالوجی یا تعلیمی وسائل سے محروم کرنا نہیں ہونا چاہیے بلکہ ذاتی اکانٹس، غیر محفوظ رابطوں اور متشدد الگورتھمک مواد سے محفوظ رکھنا اصل ضرورت ہے۔ تعلیمی ویب سائٹس، ڈیجیٹل لائبریریوں اور والدین یا اساتذہ کی نگرانی میں مفید مواد تک رسائی برقرار رہنی چاہیے۔




