فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کچہری بازار کی قدیم تاریخی جامع مسجد محکمہ اوقاف کی عدم توجہی کا شکار’ ٹوٹ پھوٹ کا شکار’ مرکزی ہال کی چھت ڈیڑھ سال بعد تعمیر نہ کی جا سکی، کسی بھی وقت بڑے سانحہ کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے اہم ترین علاقہ کچہری بازار کی جامع مسجد کے مرکزی ہال کی چھت کا کچھ حصہ ڈیڑھ سال قبل گر گیا تھا جو محکمہ اوقاف کی غفلت کی وجہ سے ابھی تک تعمیر نہیں کیا گیا، اس تاریخی مسجد میں تقریباً پانچ سے چھ ہزار نمازیوں کے نماز پڑھنے کی گنجائش ہے، ہال کی چھت ٹوٹنے کی وجہ سے نمازیوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ اس تاریخی مسجد کے تمام کنٹرول محکمہ اوقاف کے پاس ہے مگر محکمہ اوقاف ڈیڑھ سال سے لاپرواہی اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ ایک طرف کچہری بازار کی بیوٹیفکیشن کر کے اسے خوبصورت ترین بازار بنا دیا گیا ہے۔ دوسری طرف اس تاریخی مسجد کی تعمیر ومرمت کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ نمازیوں اور اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر اوقاف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر نوٹس لیکر مسجد کے ہال کی چھت تعمیر کروائیں تاکہ وہاں سکون سے نماز پڑھی جا سکے۔




