مانہائم (سپورٹس نیوز) جرمن باکسر وکٹر جرک نے پروفیشنل باکسنگ کی دنیا میں دھوم مچا دی ہے، جب انہوں نے اپنے حریف ایڈوِن کاسٹیلو کو مقابلے کے چند ہی سیکنڈز میں ایک ہی پنچ کے ساتھ ناک آئوٹ کر دیا۔یہ حیران کن واقعہ جرمنی کے شہر مانہائم میں ہونے والی فائٹ کے دوران پیش آیا، جہاں مقابلہ شروع ہوتے ہی جرک نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے رنگ کے مرکز کی طرف قدم بڑھایا اور ایک زوردار بائیں ہاتھ کا مکا مارا جو سیدھا کاسٹیلو کے جبڑے پر لگا، اس ایک وار نے ہی کولمبین باکسر کو بے سدھ کر دیا۔ریفری نے گِرے ہوئے کھلاڑی کو گنتی کے لیے دیکھا، تاہم اس کی حالت اتنی خراب تھی کہ مقابلہ جاری نہ رہ سکا اور فائٹ فوری طور پر روک دی گئی، اس فیصلے کے ساتھ ہی وکٹر جرک نے اپنی ناقابل شکست ریکارڈ کو 14-0 تک پہنچا دیا، جن میں سے 12 مقابلے ناک آئوٹ پر ختم ہوئے۔اس غیر معمولی اور تیز ترین فیصلے نے شائقین اور کھیلوں کے ماہرین کو بھی حیران کر دیا ہے، جبکہ بعض حلقوں میں یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ آیا کاسٹیلو واقعی فائٹ شروع ہونے سے قبل ہاتھ ملانے کی کوشش کر رہے تھے یا نہیں، جس کی وجہ سے ان کی گارڈ نیچے تھی۔




