جسم میں چمٹی رہ جانے کا معاملہ،FICنے ڈاکٹر کو بچا لیا،ملبہ نرسوں پر ڈال دیا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دل کے آپریشن کے دوران مریض کے جسم میں چمٹی رہ جانے کا معاملہ’ ہسپتال انتظامیہ نے دوران انکوائری ڈاکٹر کو بچاتے ہوئے ملبہ نرسوں پر ڈال دیا، نرسوں اقصیٰ سردار اور ندا ارفع ٰ کو غفلت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ہسپتال سے فارغ کر کے سیکرٹری ہیلتھ کو رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے رہائشی 22 سالہ ثقلین کو دل میں سوراخ ہونے پر ایف آئی سی لایا گیا تو ڈاکٹر ضیغم رسول نے چیک اپ کرنے کے بعد 4اپریل کو ثقلین کی اوپن ہارٹ سرجری کرتے ہوئے آہنی چمٹی مریض کے سینے میں رہ گئی، مریض کو سینے میں تکلیف ہونے کے باعث ایکسرا کروایا گیا تو پتہ چلا کہ مریض کے سینے میں چمٹی پائی گئی تو 23اپریل کو دوبارہ آپریشن کر کے مذکورہ چمٹی نکال لی گئی۔ لواحقین کی جانب سے احتجاج کرنے پر ایم ایس نے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے انکوائری کرنے کا حکم دیا تو ڈاکٹروں پر مشتمل انکوائری کمیٹی نے مذکورہ ڈاکٹر ضیغم رسول کو کلین چٹ دیتے ہوئے ملبہ دو نرسریوں پر ڈال دیا اور دوران انکوائری نرسوں اقصیٰ سردار اور ندا ارفع کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے ہسپتال سے فارغ کرتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ کو رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں