فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہری ترقی، تزئین و آرائش اور خوبصورتی کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں جنرل بس اسٹینڈ فیصل آباد کی بیوٹیفکیشن اور اپ گریڈیشن کے منصوبے پر ابتدائی پلاننگ شروع کردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کی انجینئرنگ برانچ کی جانب سے ضروری اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق نے جنرل بس اسٹینڈ کا دورہ کرکے مجوزہ بیوٹیفکیشن و اپ گریڈیشن منصوبے کی تفصیلات اور ضروریات کا جائزہ لیا۔ چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب نے ڈپٹی کمشنر کو جنرل بس اسٹینڈ کی خوبصورتی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اپ گریڈیشن کے لئے کی جانے والی ابتدائی منصوبہ بندی، مجوزہ ڈیزائن اور مختلف ترقیاتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نوید اقبال، سیکرٹری آر ٹی اے محمد راشد، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ ایف ڈی اے عمر اقبال و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس اسٹینڈ کے داخلی و خارجی راستوں، انتظار گاہوں، مسافر سہولیات اور دیگر اہم حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن پلان جمالیاتی ذوق، جدید شہری منصوبہ بندی، بین الاقوامی معیار اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نوعیت کے منصوبوں کو پائیدار، خوبصورت، منظم اور جاذبِ نظر بنانے کے لئے حکومت پنجاب کی ترجیحات اور اقدامات کو عملی شکل دینے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کی مربوط حکمت عملی کو کامیاب بنائیں گے۔ محمد نعمان صدیق نے جنرل بس اسٹینڈ کی بیوٹیفکیشن و اپ گریڈیشن کے پلان کو تیزی سے آگے بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے میں شہریوں اور مسافروں کی سہولت کو بنیادی اہمیت دی جائے۔ انہوں نے داخلی و خارجی راستوں کو فیصل آباد کی تاریخی، ثقافتی اور صنعتی شناخت کے عکاس خوبصورت نقوش سے مزین کرنے، مناسب لینڈ اسکیپنگ، شجرکاری، خوبصورت روشنیوں اور دیدہ زیب سائن بورڈز سمیت دیگر ضروری اقدامات شامل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل بس اسٹینڈ شہر میں داخل ہونے اور باہر جانے والے شہریوں، مسافروں اور سیاحوں کے لئے فیصل آباد کی پہلی اور آخری نمایاں شناخت بن سکتا ہے، اس لئے اس کی تزئین و آرائش محض خوبصورتی تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اسے ایک منظم، فعال اور شہری سہولیات سے آراستہ ٹرانسپورٹ مرکز بنانے کے تقاضوں کو بھی پیش نظر رکھا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس اسٹینڈ میں چلڈرن پلے ایریا کے قیام، ایڈمنسٹریشن بلاک کی تزئین، مسافروں کے لئے بہتر بیٹھنے کی سہولیات، گرین بیلٹس، شجرکاری، پیدل چلنے کے لئے مناسب راستوں، صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات اور دیگر شہری سہولیات کو بھی مجوزہ منصوبے کا حصہ بنانے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ بندی کے دوران معذور افراد، خواتین، بچوں، بزرگ شہریوں اور دیگر مسافروں کی ضروریات کو بھی خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز، بس مالکان، ڈرائیورز، مسافروں اور دیگر تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرنے کی بھی تاکید کی تاکہ عملی ضروریات، مسائل اور تجاویز کو بیوٹیفکیشن و اپ گریڈیشن پلان میں شامل کرکے ایک جامع اور قابلِ عمل منصوبہ تیار کیا جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ جنرل بس اسٹینڈ کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ ٹریفک مینجمنٹ، پارکنگ، پیدل آمدورفت، مسافروں کے لئے معلوماتی سہولیات اور صفائی کے نظام کو بھی بہتر بنانے پر توجہ دی جائے تاکہ بیوٹیفکیشن کے ثمرات دیرپا بنیادوں پر شہریوں کو حاصل ہوسکیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے مختلف اجزا کے لئے ترجیحات، تخمینہ لاگت، ڈیزائن اور ٹائم لائنز مرتب کرکے آئندہ پیش رفت یقینی بنائی جائے۔ چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنرل بس اسٹینڈ کی بیوٹیفکیشن و اپ گریڈیشن پلان پر عملدرآمد کے لئے ابتدائی سطح پر منصوبہ سازی جاری ہے۔ داخلی و خارجی راستوں کی پائیدار تزئین و آرائش، مختلف حصوں کی خوبصورتی، لینڈ اسکیپنگ، شجرکاری اور دیگر شہری سہولیات کی بہتری کے لئے تجاویز مرتب کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبہ تیار کرتے ہوئے جنرل بس اسٹینڈ کی موجودہ صورتحال، مسافروں کی ضروریات، ٹریفک کے بہا، دستیاب جگہ، مستقبل میں متوقع ضروریات اور تعمیراتی پائیداری کو مدنظر رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیوٹیفکیشن پلان میں ایسے ڈیزائن اور تعمیراتی عناصر شامل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو فیصل آباد کی تاریخی و ثقافتی شناخت کی نمائندگی کرنے کے ساتھ ساتھ جدید شہری حسن سے بھی ہم آہنگ ہوں۔ چیف انجینئر نے مزید بتایا کہ منصوبے کے مختلف پہلوں پر متعلقہ محکموں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد حتمی تجاویز مرتب کی جائیں گی، جبکہ دستیاب وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مرحلہ وار ترقیاتی اقدامات بھی تجویز کئے جائیں گے تاکہ منصوبے پر موثر اور پائیدار انداز میں عملدرآمد ممکن بنایا جاسکے۔




