لاہور(بیوروچیف)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کے تحت محکمہ جنگلات پنجاب کی جانب سے جنگلات کے تحفظ اور لکڑی کی غیر قانونی کٹائی و سمگلنگ کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں راولپنڈی فاریسٹ فورس نے ٹمبر مافیا کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے مانسہرہ کے جنگلات سے چوری شدہ لکڑی کی بڑی کھیپ پکڑ لی۔تفصیلات کے مطابق گوجرخان چیک پوسٹ پر کارروائی کے دوران سبز چیڑ کی لکڑی سے بھرا ایک ٹرک تحویل میں لیا گیا۔ ٹرک سے تقریباً 700 مکعب فٹ بیش قیمت لکڑی برآمد ہوئی جسے قبضے میں لے کر ٹرک کو سیل کر دیا گیا۔محکمہ جنگلات نے اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث افراد پر 55 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کر دیا ہے جبکہ لکڑی چوری اور سمگلنگ نیٹ ورک کے دیگر عناصر کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کامیاب کارروائی پر پنجاب فاریسٹ فورس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جنگلات قدرتی ماحول، حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی توازن کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ حکومت پنجاب جنگلات کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ٹمبر مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جنگلات قومی اثاثہ ہیں جن کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ جنگلات کے تحفظ سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی آتی ہے بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور سرسبز ماحول کی فراہمی بھی ممکن بنتی ہے۔سینئر وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں جنگلات کے تحفظ، غیر قانونی کٹائی کی روک تھام اور ماحول دوست پالیسیوں کے نفاذ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔




