جڑانوالہ،غلام محمد آباد،چنیوٹ میںCCDکے مبینہ مقابلے،9خطرناک ڈاکو پار

فیصل آباد /جڑانوالہ /چنیوٹ (سٹاف رپورٹر /نمائندگان) فیصل آباد کے علاقہ غلام محمد آباد’ جڑانوالہ اور چنیوٹ میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کیساتھ مبینہ پولیس مقابلوں میں 9خطرناک ڈاکو اپنے انجام کو پہنچ گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس پی سی سی ڈی ملک طارق کی ہدایت پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈائون جاری کرتے ہوئے سی سی ڈی لائلپور ٹائون کے انچارج انسپکٹر صدیق چیمہ’ سی سی ڈی اقبال ٹائون کے انچارج علی اکرام گورائیہ اور ایس ایچ او تھانہ سی سی ڈی فاروق ناظر کو اطلاع ملی تھی کہ محلہ رشیدآباد سیم نہر کے قریب 8مشکوک خطرناک ملزم موجود ہیں اگر فوری طور پر چھاپہ مارا جائے تو پکڑے جا سکتے ہیں، جس پر سی سی ڈی ٹیموں نے غلام محمد آباد کے علاقہ سیم گندا نالہ کے قریب چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، سی سی ڈی کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو چار ملزمان مردہ حالت میں پڑے تھے جن کی شناخت ہارون عرف شیری ولد سعید سکنہ 220 رب’ آفتاب عرف فیضی ولد شہباز سکنہ محمود ٹائون’ شہباز عرف شہبازی سیال ولد باقر علی سکنہ 459 ج ب جھنگ اور نصیر احمد عرف نصیری ولد نذیر احمد سکنہ موہلن وال لاہور کے ناموں سے ہوئی، پولیس ریکارڈ کے مطابق مارے جانیوالے مذکورہ ڈاکو ریکارڈ یافتہ نکلے جو کہ فیصل آباد’ لاہور’ قصور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں درجنوں قتل’ ڈکیتی’ اقدام قتل’ بھتہ خوری’ مزاحمت پر شہریوں کو گولیاں مار کر زخمی کرنے کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھے، تاہم پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے کارروائی شروع کر دی۔ جبکہ سی سی ڈی جڑانوالہ کے انچارج عدیل شوکت نے بتایا کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ خطرناک اشتہاری ملزم بگے شاہ کی گرفتاری کیلئے 63 گ ب کے قریب ڈیرہ پر چھاپہ مارا تو اشتہاری ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ان پر فائرنگ کر دی، پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس پارٹی نے سرچ آپریشن کیا تو دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے بری طرح زخمی حالت میں پڑے تھے۔ جن کی شناخت بابر ولد عبدالغنی گجر سکنہ 128 گ ب اور لیاقت ولد شریف سکنہ قصبہ اواگت کے ناموں سے ہوئی اور ان کے تین ساتھی رات کی تاریکی میں موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی ڈاکوئوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گئے۔ جو کہ ریکارڈ یافتہ نکلے، مرنے والے ڈاکو بابر کے خلاف مختلف تھانوں میں 45 جبکہ لیاقت کے خلاف 9مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔ تاہم پولیس نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔ علاوہ ازیں چنیوٹ سی سی ڈی کے انچارج حاجی نصراﷲ خان اور ان کی ٹیم کے ساتھ تھانہ صدر چنیوٹ کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلہ میں 3ڈاکو ہلاک جبکہ ان کے تین ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، مبینہ پولیس مقابلوں میں مارے جانیوالے دو ڈاکوئوں کا تعلق ضلع سرگودھا اور ایک کا تعلق ضلع جھنگ سے ہے جو کہ ریکارڈ یافتہ تھے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں