جڑانوالہ(نامہ نگار) جڑانوالہ عیدالاضحی کی آمد کے سلسلہ میں جڑانوالہ اور کھرڑیانوالہ میں عارضی مویشی منڈیوں کو باقاعدہ طور پر فعال کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر / ایڈ منسٹریٹر میونسپل کمیٹی رنگزیب گورائیہ نے چیف آفیسر محسن مظہر نے چیف انکروچمنٹ انسپکٹر میاں نوید، گارڈ ن انسپکٹر مرزا سجاد کے ہمراہ جڑانوالہ ریلوے اسٹیشن گرائونڈ میں عیدالاضحی کی آمد کے سلسلہ میں لگائی گئی عارضی مویشی منڈی میں کئے گئے انتظامی امور اور فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ مویشی منڈی میں لائیو سٹاک، میڈیکل کیمپ، ٹریفک وارڈن، ریسکیو 1122 کیمپ، بیوپاریوں اور خریداروں کے پینے کیلئے صاف ٹھنڈے پانی کی فراہمی،سایہ دار جگہ،صفائی ستھرائی لائٹس سیکیورٹی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ مذکور نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عیدالاضحی کی آمد کے سلسلہ میں ہر سال کی طرح اس سال بھی مویشی منڈی لگائی جا رہی ہے جو عیدالاضحی تک جاری رہے گی، مویشی منڈی میں تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ مویشی منڈی میں لائے جانیوالے قربانی کے جانوروں کی ویکسینیشن ہر صورت یقینی بنائی جائے اور تمام محکمہ جات کے افسران و سٹاف اپنی ڈیوٹیاں احس طریقے سے سرانجام دیں۔ بصورت دیگر اس سلسلہ میں کسی قسم کی بھی کوتاہی و غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔




