جڑانوالہ (نامہ نگار) حالیہ مون سون کی طوفانی بارشوں میں ایف ڈبلیو ایم سی اور میونسپل کمیٹی کی مبینہ غفلت کے باعث پانی کی نکاسی نہ ہونے پر محلہ شوکت آباد میں متعدد مکانوں کی چھتیں گرنے سے متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے بے بسی کے عالم میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو گئے،متاثرہ خاندانوں نے وزیر اعلی پنجاب،کمشنر،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے نوٹس لیکر بحالی کی اپیل کر دی،تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں میں مون سون کی طوفانی بارشوں کے پانی کی بروقت نکاسی نہ ہونے پر پانی کھیتوں اور نشیبی علاقوں میں داخل ہو گیا تھا جسکے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے مون سون کی بارشوں کے پانی کا نکاس نہ ہونے پر جڑانوالہ سیدوالا روڈ پر محلہ شوکت آباد میں متعدد مکانوں کی چھتیں گرنے پر متاثرہ خاندانوں کھلے آسمان تلے بے بسی کے عالم میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے ایف ڈبلیو ایم سی اور میونسپل کمیٹی سٹاف کیساتھ رابطہ کیا گیا مگر دونوں ادارے مبینہ طور پر کام کرنے کی بجائے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالتے رہے جسکے باعث انکے گھروں کی بیک سائیڈ پر خالی پلاٹوں سے پانی کی بروقت نکاسی نہ ہو سکی ہے مون سون کی بارشوں میں ایف ڈبلیو ایم سی اور میونسپل کمیٹی کی مبینہ غفلت کے باعث انکے سروں سے چھت چھن چکی ہے۔ متاثرہ افراد کا کہنا ہے وہ روزانہ کی بنیاد پر دیہاڑی لگا کر اپنا گزر بسر کرتے ہیں اور مہنگائی کے دور میں ان میں اتنی سکت نہیں ہے کہ اپنے مکان دوبارہ تعمیر کر سکیں متاثرہ خاندانوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،کمشنر اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے درد مندانہ اپیل کی ہے کہ انکے مکانوں کی دوبارہ تعمیر کیلئے انکی مالی امداد کی جائے۔




