جڑانوالہ کو خوبصور ت بنانے کیلئے شجر کاری مہم میں حصہ لینگے

جڑانوالہ(نامہ نگار) جڑانوالہ پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سابق کونسلر سعید انور بھولانے کہا ہے کہ جڑانوالہ شہر کو سر سبز و خوبصور ت بنانے کیلئے شہری شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لیں ۔ درخت دھرتی ماں کا حسن ہیں اور عوام کو اس مہم میں خصوصی دلچسپی لینی چاہیے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور روڈ محلہ وریام نگر گرین بیلٹ میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودے لگاتے ہوئے معززین علاقہ سے گفتگو کے دوران کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ محمد عمران،ملک ارشد موہنی اور ملک بلال علی دیوان ایڈوکیٹ،محمد ندیم بھی موجود تھے۔سعید انور بھولا نے کہا کہ شجر کاری مہم کے فروغ کیلئے تمام احباب کو انتظامیہ کے ساتھ مل کر اپنا موثر و فعال کردار ادا کرتے ہوئے درخت لگانے چاہئیں۔درخت جہاں شہر کے حسن کو دوبالا کرتے ہیں وہیں لوگوں کو صاف آکسیجن بھی مہیا کرتے ہیں،انہوں نے جڑانوالہ کو ”گرین” بنانے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ شجر کاری مہم کے بھرپور نتائج حاصل کیے جائیں گے۔اس سلسلے میں شہریوں میں پودے لگانے کا رجحان بڑھانے کے لیے مختلف نوعیت کے آگاہی پروگرام بھی منعقد ہونے چاہئیں۔سعید انور بھولا نے مطالبہ کیا کہ تحصیل بھر میں ستھرا و گرین پنجاب پروگرام پر بھرپور انداز میں عمل درآمد ہونا چاہیے اور تمام محکمے و ادارے شجر کاری مہم میں حصہ لیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں دستیاب جگہ،گرین بیلٹ اور نہر کے کنارے پودے لگا کر اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔ ساتھ ہی مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی فلاح و بہبود اور شہری ترقی کے لیے نہر کی دونوں اطراف کی صفائی اور شجر کاری مہم شروع کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں