جڑانوالہ کے ہونہار طالب علم فرحان انور کا اعزاز

جڑانوالہ (نامہ نگار) جڑانوالہ کے ہونہار سپوت فرحان انور کی تاریخی کامیابی،میڈیکل لیبارٹری سائنسز میں گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا ، ملک برادری کے چشم و چراغ اور جڑانوالہ کے مایہ ناز نوجوان فرحان انور نے یونیورسٹی آف لاہور (جامعہ لاہور) سے”ڈاکٹرز ان میڈیکل لیبارٹری سائنسز”(Doctors In Medical Laboratory Sciences) کی ڈگری میں نمایاں ترین پوزیشن حاصل کرکے نہ صرف گولڈ میڈل اپنے نام کیا،بلکہ علمی افق پر اپنے خاندان اور بالخصوص اپنے شہر جڑانوالہ کا سر فخر سے بلند کر دیا۔جامعہ لاہور کے سالانہ کانووکیشن کی پروقار تقریب میں یونیورسٹی انتظامیہ اور اعلی علمی شخصیات نے ان کی غیر معمولی تعلیمی کارکردگی اور شب و روز کی ریاضت کے اعتراف میں انہیں باقاعدہ گولڈ میڈل اور اعزازی سند سے نوازا۔اس تاریخی کامیابی پر عزمِ نو کا اظہار کرتے ہوئے گولڈ میڈلسٹ ڈاکٹر فرحان انور کا کہنا تھا کہ یہ عظیم سنگ میل میری انتھک محنت، اساتذہ کرام کی شفقت اور سب سے بڑھ کر میرے شفیق والدین کی مقدس دعاں کا ثمر ہے۔ انہوں نے جذباتی انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد محترم محمد انور جو دیارِ غیر(سعودی عرب)میں مقیم ہیں،ان کی طویل جدوجہد،قربانیاں اور میری والدہ کی دعائیں ہر قدم پر میری کامیابی کا پیش خیمہ ثابت ہوئیں،ڈاکٹر فرحان انور نے اپنے مستقبل کے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا:”میرا عزمِ صمیم ہے کہ میں علمِ طب کے اس جدید شعبے میں حاصل کردہ مہارت کے ذریعے اپنے آبائی شہر جڑانوالہ کے عوام کی بے لوث خدمت کروں گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں