فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیرصدارت جیل ریفارمز بارے اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی آئی جی جیل خانہ جات، ڈسٹرکٹ، سینٹرل، ویمن، بورسٹل جیلوں کے سپرنٹنڈنٹ شریک تھے۔ تحفظ ماحول ، انڈسٹر یز ، ٹیوٹا،سوشل ویلفیئر کے افسران نے بھی شرکت کی۔کمشنر نے بورسٹل انسٹیٹیوٹ میں مختلف کورسز سکیھنے والے نوعمر اسیران سمیت دیگر جیلوں میں مہارت یافتہ پیرول قیدیوں کو رہائی کے بعد روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے اقدامات کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ مہارت یافتہ اسیران کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانا اور اپنے پائوں پر کھڑا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹریز،تحفظ ماحول اور ٹیوٹا اپنی اپنی سطح پر انڈسٹریز کے ساتھ قید سے رہائی کے بعد اسیران کو ملازمت فراہم کرنے کے حوالے سے رابطہ کریں۔اس ضمن میں ایم او یو سائن کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹس مختلف ٹریڈز میں کورسز مکمل کرنے والے اسیران کی فہرست فراہم کریں۔جیلوں میں مارکیٹ کے مطابق درکار کورسز بھی شروع کرائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ مہارت یافتہ اسیران کو رہائی پر ٹول کٹس کی فراہمی کے لئے چیمبر آف کامرس سے رابطہ کیا جائے جبکہ سوشل ویلفیئر کو بھی ٹول کٹس کی فراہمی کے لئے این جی اوز کو آن بورڈ لینے کا ٹاسک تفویض کیا۔




