فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب قیدی خواندگی پروگرام کے تحت فیصل آباد ریجن کی جیلوں میں ناخواندہ قیدیوں کو تعلیم کی فراہمی کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کے سلسلے میں ایک اہم پلاننگ اجلاس ڈی آئی جی جیل خانہ جات فیصل آباد ریجن رانا رضا اللہ کے دفتر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈی آئی جی جیل خانہ جات فیصل آباد ریجن رانا رضا اللہ خان، سپرنٹنڈنٹ بورسٹل جیل آصف عظیم، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ بورسٹل جیل کاشف سلیم، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل کاشف، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو سنٹرل جیل صوبہ خان اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جوڈیشل ڈسٹرکٹ جیل ملک مشتاق نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ لٹریسی کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (لٹریسی) نوید الحق، لٹریسی موبلائزر عطا الرحمن اور لٹریسی موبلائزر ندیم رندھاوا بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران پروگرام پر موثر عمل درآمد، بین الادارہ جاتی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور ضلع وار عملی منصوبہ بندی پر تفصیلی غور کیا گیا تاکہ قیدیوں کو بنیادی خواندگی کی سہولت موثر انداز میں فراہم کی جا سکے۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن ”جیل کی دیواریں تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننی چاہئیں” کے مطابق جیلوں کو اصلاحی مراکز کے ساتھ ساتھ علم و آگہی کے مراکز میں تبدیل کیا جائے گا، جہاں قیدیوں کو خواندگی، ذاتی صلاحیتوں کی ترقی اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تعلیم و تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔




