فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سڑکوں پر حادثات کی روک تھام اور بہتر ٹریفک بہائو کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں قیمتی انسانی جانوں کو بچانا اولین ترجیح اور مشن ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید رانا نے ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر شہری کا سڑک پر آنے سے پہلے ڈرائیونگ لائسنس یافتہ ہونا ضروری ہے، ٹریفک بہائو میں روڈ انجینئرنگ کا اہم کردار ہے اس سلسلے میں متعلقہ محکموں سے رابطے میں ہیں غیر ضروری یو ٹرن اور لائن لین کے حوالے سے شہر بھر میں بہت جلد کام کا آغاز کیا جا رہا ہے ہر ٹریفک آفیسر کو محنت اور لگن سے فرائض منصبی نبھانے کے لیے واضح ہدایات کر دی گئی ہیں بدعنوانی اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ ٹریفک سٹاف شہریوں کے ساتھ انتہائی احسن انداز سے اور خوش اسلوبی سے پیش آئے، ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنسز کے اجراء کے حوالے سے ضلع بھر میں کئی سینٹرز متحرک ہیں۔ شہری بالخصوص موٹر سائیکل سوار اپنے ڈرائیونگ لائسنسز کے حصول کے لیے ٹریفک پولیس کے سینٹر سے فوری رابطہ کریں، رکشہ ڈرائیورز کو کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے حوالے سے اتوار کا دن مختص ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کو مثالی ٹریفک نظام کی فراہمی کے سلسلہ میں ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، تجاوزات کا خاتمہ غلط پارکنگ کی روک تھام اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے متعدد مہمات جاری ہیں۔




