فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گھریلو ومعاشی حالات سے دل برداشتہ خاتون سمیت دو افراد نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی’ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 215 رب کے رہائشی 23سالہ صائم ولد شاہد بے روزگاری کی وجہ سے پریشان تھا جس کی وجہ سے گھر والوں سے جھگڑا رہتا تھا، گزشتہ روز بھی کسی بات پر جھگڑا ہوا تو اس نے دل برداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ جبکہ رضاآباد کے علاقہ محلہ عثمان غنی کی ام کلثوم زوجہ راشد فاروق نے بھی گھریلو حالات سے تنگ آ کر گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا جبکہ اس کے لواحقین نے سسرالیوں پر زہر دیکر مارنے کا الزام عائد کر دیا۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔




