حج رجسٹریشن کے عمل میں اہم پیشرفت

اسلام آباد(بیوروچیف)ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے تحت حج رجسٹریشن کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں صرف دو ہفتوں کے دوران سوا دو لاکھ سے زائد افراد نے آن لائن حج رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔ وزارت مذہبی امور کیمطابق حج 2027 سے 2030تک کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل تاحال جاری ہے۔ پہلے 14روز کے دوران 2لاکھ 32ہزار سے زائد عازمین نے گھر بیٹھے پاک حج ایپ اور آن لائن پورٹل کے ذریعے چند منٹوں میں اپنی رجسٹریشن مکمل کی۔حکام کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کی تیار کردہ پاک حج ایپ اور آن لائن پورٹل نے حج رجسٹریشن کے عمل کو آسان اور تیز بنا دیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 75ہزار سے زائد عازمین نے سرکاری حج اسکیم، جبکہ 58ہزار سے زائد افراد نے نجی حج اسکیم کا انتخاب کیا۔صوبوں کے لحاظ سے پنجاب سے ایک لاکھ 8ہزار، سندھ سے 71ہزار، خیبر پختونخوا سے 33ہزار عازمین نے رجسٹریشن کرائی، جبکہ رجسٹرڈ عازمین میں ایک لاکھ 36ہزار مرد اور 96ہزار خواتین شامل ہیں۔وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ نئی ہدایات جاری ہونے تک حج 2027تا 2030کیلئے آن لائن رجسٹریشن بلا تعطل جاری رہے گی۔ وزارت نے خواہشمند عازمین کو مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ رش سے بچنے کے لیے جلد از جلد اپنی آن لائن رجسٹریشن مکمل کر لیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں