حرمین شریفین کا تحفظ ‘سعودی حکومت کے شانہ بشانہ ہیں،شہباز شریف،مریم نواز

اسلام آباد (بیوروچیف) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد پیش کی ہے۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے برادر سعودی قوم کو قومی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی اور تبدیلی کا سفر قابلِ فخر ہے، انہوں نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی متحرک اور دوراندیش قیادت میں سعودی عرب ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور آزمودہ برادرانہ رشتہ باہمی اعتماد اور مشترکہ اقدار پر قائم ہے، جبکہ دونوں ممالک کے تعلقات ایک مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں۔وزیراعظم کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب نے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری کی اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں۔وزیراعظم نے سعودی عرب پر حالیہ حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی مبینہ کوشش کو بھی قابلِ مذمت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے۔شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔انہوں نے اپنے پیغام کا اختتام “پاک سعودی بھائی چارہ زندہ باد” کے الفاظ سے کیا۔دریں ثناء ۔لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام مکہ معاہدے سے بہت خوش ہیں، پاکستانی عوام الحرمین و شریفین کی حفاظت کو سعادت سمجھتی ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستانی قیادت اور عوام سعودی عرب کو محبت، عقیدت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،سعودی عرب میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اعتماد، خلوص اور اخوت کی بنیاد پر قائم ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات دین اسلام، بھائی چارے اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا مکہ معاہدہ خطے میں امن اور استحکام کی جانب بھی ایک اہم قدم ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کی بصیرت اور دانشمندی کی بدولت آج سعودی عرب دنیا میں بلند مقام رکھتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان اور سعودی عرب کے بھائی چارے کو ہمیشہ قائم رکھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں