لاہور (بیوروچیف) حضرت داتا گنج بخش رحمة اللہ علیہ کے 982 ویں سالانہ عرس کی تقریبات کل (بدھ ) 13 سے 15 اگست تک لاہورمیں ہوں گی۔صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش رحمة اللہ علیہ کا آستانہ سب سے بڑا روحانی مرکز ہے جہاں دنیا بھر سے عقیدت مند حاضری کی سعادت حاصل کرتے ہیں،حضرت داتا گنج بخش رحمة اللہ علیہ نے قرآن کی تعلیمات کی ترویج کیلئے بھرپور کردار ادا کیا،وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اس سال حضرت داتا گنج بخش کے عرس کے حوالے سے پہلے سے بڑھ کر انتظامات کئے گئے ہیں اور زائرین کو بہتر ین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ دربار کی توسیع کا منصوبہ اس سال مکمل ہوگا جس میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا بڑا کردار ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر زائرین کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اس لئے مساجد اور درباروں میں صفائی کی صورتحال کی بہتری کیلئے سیکرٹری اوقاف اور ڈی جی مذہبی امور کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں اس کے علاوہ داتا صاحب کے عرس کے دوران بجلی اور گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کیلئے متعلقہ محکموں سے بات چیت کی گئی ہے۔




