حضرت عمر فاروق کا دور خلافت روشن باب ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام خلیفہ المسلمین، امیرالمومنین حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا یومِ وصال نہایت عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک ڈویژن نگران کمیٹی کے رکن وحید احمد کمبوہ۔مولانا صوفی عبد الحمید ڈاکٹر محمد خاور۔علامہ حامد رضا۔مولانہ امجد لطیف قادری۔ مولانہ محمد اعظم بٹ۔محمد اکرام قادری نے کہا کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کا دورِ خلافت عدل و انصاف، شجاعت، بہادری، دیانت اور فلاحِ انسانیت کا روشن باب ہے، جس کی مثال تاریخِ عالم میں کم ہی ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یورپ سمیت دنیا بھر میں ریاستی نظام، عدل و انصاف اور بہترین طرزِ حکمرانی کے حوالے سے حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کی سیرت اور طرزِ حکومت کو بطور نمونہ پیش کیا جاتا ہے اور تعلیمی اداروں میں اس پر تحقیق و تدریس کا سلسلہ جاری ہے۔ حضرت عمر فاروق نے بلا امتیاز انصاف فراہم کرکے اسلامی ریاست کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا۔محمد وحید کمبوہ نے کہا کہ موجودہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی نفسا نفسی، بے چینی اور بدامنی کی ایک بڑی وجہ عدل و انصاف کی عدم فراہمی ہے۔ اگر حکمران حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کے طرزِ حکمرانی کو اپنائیں تو معاشرے کے بہت سے مسائل خود بخود حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تعلیم اور صحت کے ساتھ ساتھ عوام کو فوری اور مساوی انصاف کی فراہمی کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ عشقِ مصطفی ۖ، صحاب کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اور اہلِ بیتِ اطہار کی محبت و عقیدت کو فروغ دے کر معاشرے میں امن، محبت، رواداری، اخوت اور برداشت کی فضا قائم کی جا سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں