فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد زون ثاقب سلطان کی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سرکل فیصل آباد طارق محمود کی نگرانی میں ایف آئی اے فیصل آباد کی ٹیم نے ایس آئی/ایس ایچ او اجمل حسین کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ہنڈی حوالہ اور غیر ملکی کرنسی کے کاروبار میں ملوث ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیل کے مطابق ملزم طیب جاوید ولد فیصل جاوید سکنہ رحمان ولاز، ستیانہ روڈ، فیصل آباد، مبینہ طور پر غیر قانونی ہنڈی حوالہ اور ٹیلی گرافک ٹرانسفرز (T.Ts) کے ذریعے چین، دبئی اور دیگر ممالک کو رقوم کی منتقلی میں ملوث تھا۔ ایف آئی اے ٹیم نے اطلاع ملنے پر الحرم سٹی پلازہ، ریکس سٹی میں واقع ایپل زون میں چھاپہ مار کارروائی کی، جہاں سے ملزم کو قابو کر کے اس کے قبضہ سے آئی فون 17 پرو میکس موبائل فون برآمد کیا گیا۔ دورانِ تلاشی موبائل فون کی جانچ پڑتال پر واٹس ایپ میسنجر کے ذریعے ہنڈی حوالہ، غیر ملکی کرنسی کے لین دین، بینک رسیدوں اور متعلقہ ریکارڈ سے متعلق مواد سامنے آیا۔ ملزم مبینہ طور پر RMB، AED، USD اور دیگر غیر ملکی کرنسیوں کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھا اور مختلف افراد کے لیے حوالہ و ہنڈی کے ذریعے رقوم کی منتقلی کرتا تھا۔ ملزم کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947 کی دفعات 5، 8، 23 بمطابق دفعہ 109 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق غیر قانونی ہنڈی حوالہ، حوالہ چینلز اور غیر مجاز غیر ملکی کرنسی کے کاروبار کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔




