اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی حکومت 30جون کوختم ہونے والے مالی سال میں اہم تجارتی اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی۔وفاقی ادارہ شماریات نے مالی سال 2024-25کے تجارتی اعداد و شمارجاری کر دیے، جس کے مطابق حکومت گزشتہ مالی سال کیلئے مقررکردہ برآمدات کا ہدف حاصل نہ کرسکی۔اسی طرح وفاقی حکومت درآمدات اور تجارتی خسارے کے سالانہ اہداف بھی حاصل نہیں کرپائی، گزشتہ مالی سال برآمدات حکومتی ہدف سے کم،درآمدات اور تجارتی خسارہ زیادہ رہا۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال2024-25 میں برآمدات کا حجم 32ارب 10کروڑ 60لاکھ ڈالرز رہا، جبکہ حکومت نے برآمدات کا ہدف 32ارب 34کروڑ 10لاکھ ڈالرز مقرر کیا تھا۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024-25میں ملکی درآمدات 58ارب 38کروڑ ڈالرز رہیں، جبکہ گزشتہ مالی سال درآمدات کا حکومتی ہدف 57ارب 28کروڑ 30لاکھ ڈالرز رکھا گیا تھا۔اسی طرح تجارتی خسارہ 26 ارب27 کروڑ40 لاکھ ڈالرز رہا، جبکہ ختم ہونے والے مالی سال کے دوران تجارتی خسارے کا ہدف 24ارب 94کروڑ 10 لاکھ ڈالرز مقرر تھا، گزشتہ مالی سال سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں 4.67فیصدکا اضافہ ہوا۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 2024-25کے دوران درآمدات میں 6.57فیصدکا اضافہ ہوا۔




