حکومت عوام کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے

سرگودھا (بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے لائیو اسٹاک سردار عاصم شیر میکن کے ہمراہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شاہپور میں آئی سی یو وارڈ اور سولر سسٹم کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما ملک طاہر اعوان سمیت معزز ین علاقہ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی پارلیما نی سیکرٹری سردار عاصم شیر میکن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجا ب عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔تحصیل سطح پر آئی سی یو جیسی سہولت کا قیام صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سولر سسٹم کی تنصیب سے ہسپتال کو بلا تعطل بجلی میسر آئے گی جس سے مریضوں کی دیکھ بھال مزید بہتر ہو گی۔ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہسپتالوں میں سہولیات کی بہتری کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ آئی سی یو وارڈ کے فعال ہونے سے شاہپور اور گردونواح کے مریضوں کو فوری اور معیاری علاج میسر آئے گا۔ انہوں نے اہل علاقہ کی اپیل پر یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شاہپور میں جلد دل کے ماہر ڈاکٹر کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ مریضوں کو بڑے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں