حکومت ناجائز حربوں سے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہے ،ضلعی امیر جماعت اسلامی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)حافظ نعیم الرحمن کی کال پرجماعت اسلامی کی پٹرولیم لیوی بھتہ کیخلاف تین روزہ ملک گیر دستخطی مہم کے سلسلہ میں پی پی112کے کارکنوں نے ہجویری ٹائو ن، اسلام نگر،اسٹیشن چوک پر کیمپ لگاکرعوام الناس سے دستخط لئے۔اس موقع پر پریم یونین کے چیف آرگنائزر /زونل سیکرٹری خالد محمود چوہدری، اسلم معراج،یسین انصاری ،ریاض حسین شاہ، حافظ محمدارشد،شاکرعلوی،ڈاکٹرمحمدارشد و دیگر بھی موجود تھے۔کیمپوں کے دورہ پرخطاب کرتے ہوئے نومنتخب ضلعی امیرمیاں طاہرایوب نے کہاکہ حکومت ناجائز حربوں سے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہے اور لیوی کے خاتمہ کیلئے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ آئی پی پیز اور پیٹرولیم لیوی کا بوجھ عوام کی برداشت سے باہر ہوچکا ہے۔ معیشت کا پہیہ جام ہے۔انہوں نے کہاکہ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرنے، بجلی سستی کرنے اور دیگر عوامی مطالبات کے حل کے لیے جاری تحریک انشااللہ جلد کامیاب ہوگی۔ یہ تحریک دراصل پاکستان میں ایک عادلانہ، منصفانہ اور فلاحی نظام کے قیام کی جدوجہد ہے۔ ایسے نظام کی ضرورت ہے جو ملک سے مہنگائی، بے روزگاری، بھوک اور غربت کا خاتمہ کرکے 25 کروڑ پاکستانیوں کی زندگیوں میں خوش حالی، آسودگی اور آسانیاں پیدا کر سکے۔خالدمحمودچوہدری نے کہا کہ لیوی اور آئی پی پیز کے مسائل پر جماعت اسلامی کا احتجاج ہی عوام کو ریلیف دلا رہا ہے۔پرامن عوامی مزاحمت و احتجاج کو عوامی مسائل کے حل کا ذریعہ بنالیا جائے تو یہ سیاسی جمہوری روایت کو مستحکم کرے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کرے گی تو لانگ مارچ ہوگا اور اس کے نتائج کی تمام تر ذمے داری حکومت پر عاید ہوگی۔ جماعت اسلامی نے مذاکراتی عمل سے اتمام حجت کرنے کی ہر کوشش کر دی ہے۔ جماعت اسلامی کے احتجاج سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے، ہمارا ہدف پائیدار ریلیف ہے جس سے قومی معاشی پہیہ رواں ہو۔انہوں نے کہا کہ عوام کو پائیدار اور حقیقی ریلیف دینے کا واحدحل صرف یہی ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی فی لٹر قیمت پر عائد 130 روپے ناجائز لیوی اور ٹیکسز کو ختم کرے۔ حکومت عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنے اخراجات کم کرے اور سودی نظام سے نجات کے لیے عملی اقدامات کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں