حکومت نے ڈیڑھ ماہ میں عوام سے لیوی کی مد میں180ارب وصول کئے،شفیق انجم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایک طرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں’ بجلی اور گیس کے بلوں میں اضافے نے عوام الناس کی مالی مشکلات کو بڑھا دیا ہے تو دوسری جانب مہنگائی کے بوجھ تلے دبی عوام پر اب حکومت کی جانب سے آئے دن پٹرولیم مصنوعات میں ہوشربا اضافہ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے’ ان خیالات کا اظہار فیصل آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرزاینڈ سمال انڈسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے صدر چوہدری شفیق انجم’ سینئر نائب صدور میاں ندیم’ شیخ جبران طارق’ نائب صدر محمد دین’ ہول سیل کلاتھ سیکٹر کے صدر شیخ محمد فیصل و دیگر مقررین نے کیا’ اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران راشد محمود سدھے میاں’ آصف محمود’ عادل شہزاد’رفاقت رسول’ امتیاز فہیم’حافظ شفقت علی’محمد سعید نے بھی شرکت کی’ انہوں نے کہا کہ غریب عوام پر ہرہفتے پٹرول بم چلائے جارہے ہیں کئی سو گنا مہنگائی کے بعداب عام لوگوں کی قوت خرید نہیں رہی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ کرے اور قیمتوں میں اضافہ واپس لیاجائے’ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ انڈسٹری اور کاروبار کو برباد کر دے گا’ انہوں نے کہا کہ انتہائی مہنگی بجلی اور گیس نے پہلے ہی ہر چیز کی قیمت میں آگ لگائی ہوئی ہے اب پٹرولیم مصنوعات میں غیرمعمولی اضافے سے عوام کو زندہ درگور کیا جا رہا ہے’مقررین نے کہا کہ حکومت کھوکھلے دعوں سے کام نہ چلائے’ مہنگائی و بے روز گاری کو ختم کرنے کیلئے عملی طور پر اقدامات اٹھائے’ پٹرول، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے’ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صرف ڈیڑھ ماہ کے دوران لیوی کی مد میں عوام سے180 ارب روپے وصول کئے جبکہ بجلی و گیس کے بلوں میں بھی مختلف نوعیت کے بھاری ٹیکسز اور سرچارج عائد ہیں’ انہوں نے کہا کہ براہ راست اور بلواسطہ ٹیکسوں کا دبائو نہ صرف مہنگائی کا سبب بن رہا ہے’ انہوں نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی کے تدارک کے لئے عملی اقدامات اٹھانا پڑیں گے ورنہ آنے والا وقت غریب عوام کیلئے سخت اذیت ناک ہو سکتا ہے’ آخر میں ایک قرارداد کے ذریعے حکومت سے لاک ڈائون ختم کرنے کی استدعا کی گئی تاکہ چھوٹے تاجر سکھ کاسانس لے سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں